ہمیں پڑوسی ملک کی جنگ میں جھونک دیا گیا جس کے نتائج کا اندازہ نہیں لگاسکتے صدرمملکت

آج مدارس میں اپنی سمجھ کے حساب سے مذہب کو پڑھایا جارہا ہے، غزہ میں مسلمانوں کے ساتھ مسیحی بھی قربان ہورہے ہیں

(فوٹو: فائل)



صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں کمزور کر کے ایک پڑوس ملک کی جنگ میں جھونک دیا گیا جس کے نتائج کا ہم اندازہ نہیں لگاسکتے۔

اقلیتوں کے عالمی دن کی مناسب سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے سانحے کے بعد ہمیں تقسیم کیا کردیا گیا اور ہمیں کمزور کر کے ایک پڑوسی ملک کی جنگ میں جھونک دیا گیا، یہ کسی اور کی نہیں بلکہ ہماری ہی غلطی تھی۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پڑوسی کی جنگ میں پڑنے کے نتائج کا اندازہ نہیں لگا سکے اور اس کے نتائج کے بارے میں ہم نے سوچا تک نہیں۔


انہوں نے کہا کہ آج مدارس میں اپنی سمجھ کے حساب سے مذہب کو پڑھایا جارہا ہے، قائد اعظم نے کسی سیاسی پوائنٹ کی وجہ سے پاکستان بنایا تھا۔

صدر مملکت نے بتایا کہ آج غزہ میں گرنے والا میزائل یہ نہیں دیکھ رہا کہ سامنے والا مسیحی ہے یا مسلمان، آپ کو لگتا ہے کہ غزہ میں مسیحی نہیں تو آپ غلط ہیں، سیاست میں مسیحی بھی قربان ہورہے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ مودی کے بھارت میں اقلیت محفوظ نہیں ہے اور یہ بات قائد اعظم نے اس وقت محسوس کی تھی کہ ایک دن یہ ہوگا اور اسی وجہ سے پاکستان بنایا، ہم نے جو بھی کیا تھا وہ صحیح تھا لیکن عالمی طاقت عالمی طاقت ہی ہوتی ہے۔


Load Next Story