تعلیم کے فروغ کیلئے دنیا کا چکر لگانے والا 17 سالہ پاکستانی طالبعلم لاہور پہنچ گیا

40 فیصد مشن مکمل ہو چکا ہے جس میں 6 لاکھ ڈالر جمع کئے جا چکے ہیں، والد سلیمان حارث

17 سالہ حارث سلیمان کا شمار دنیا کے گرد جہاز پر چکر لگانے والے سب سے کم عمر ترین پائلٹس میں کیا جارہا ہے۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز۔

غریب اور نادار پاکستانی بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے جہاز پر پوری دنیا کا چکر لگانے والا 17 سالہ پاکستانی طالب علم اپنے والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے غریب اور نادار بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کام کرنے والے فلاحی ادارے 'دی سٹیزن فاؤنڈیشن' کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کے لئے پوری دنیا کا چکر لگانے والا 17 سالہ طالب علم حارث سلیمان اپنے والد کے ہمراہ لاہور پہنچا تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔


حارث سلیمان کے والد بابر سلیمان کا کہنا تھا کہ دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے تحت پاکستان میں 1000 اسکول غریب اور مستحق بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے مستقبل کے معماروں میں تعلیم کے فروغ کے لئے دنیا بھر سے 10 لاکھ ڈالر جمع کرنے کے لئے چندہ مہم کا آغاز کیا، ہمارا 40 فیصد مشن مکمل ہو چکا ہے جس میں 6 لاکھ ڈالر جمع کئے جا چکے ہیں، 4 لاکھ ڈالر جمع کرنا باقی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکا کی ریاست انڈیانا سے اپنے مشن کا آغاز کیا اور اب لاہور سے سری لنکا اور دیگر ممالک سے ہوتے ہوئے واپس امریکا پہنچیں گے اور تعلیم کے لئے اپنے مشن کو پورا کریں گے۔

واضح رہے کہ 17 سالہ حارث سلیمان کا شمار دنیا کے گرد جہاز پر چکر لگانے والے سب سے کم عمر ترین پائلٹس میں کیا جارہا ہے جب کہ ان کے والد بابر سلیمان خود بھی پائلٹ ہیں۔
Load Next Story