77 برس میں بہت سی چیزوں میں ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے جسٹس محسن اختر

آئین و قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہے جو اس ملک کی بقا کے لیے ضروری ہے، پرچم کشائی تقریب سے خطاب

(فوٹو: ایکسپریس ویب(

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ ہم نے 77 برس میں بہت سی چیزوں میں ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے۔


ہائی کورٹ میں یومِ آزادیٔ پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جسٹس محسن اختر کیانی نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی موجود تھے۔



تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے 77 برس میں بہت سی چیزوں میں بہت ترقی کی لیکن ہماری جنگ آج بھی جاری ہے۔ ہم آئین اور قانون کے اندر رہتے ہوئے ہر وہ کام کر رہے ہیں جن سے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدیں قائم رہیں۔


انہوں نے کہا کہ اس ملک کے لیے آبا و اجداد نے جو قربانیاں دیں ان کا شاید ہمیں احساس نہیں کیونکہ ہم اس وقت موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کو یاد رکھنا ضروری ہے جو ملک بنتے وقت اور بننے کے بعد اب تک جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ یہ ملک ہم نے بہت قربانیوں سے حاصل کیا ہے۔


جسٹس محسن اختر کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنا ہے جو اس ملک کی بقا کے لیے ضروری ہے۔ ایک ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ آنے والی نسلیں انہیں دیکھ کر سمجھ سکیں کہ ان کے لیے کسی نے کچھ کیا ہے۔ اپنے بزرگوں اور بچوں سے پودے لگوائیں تاکہ وہ نشانی کے طور پر رہیں۔

Load Next Story