خیبر 4مقامات پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار

دہشت گردوں نے خود کار اسلحہ اور دستی بم سے حملہ کیا، چاروں حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

(فوٹو: فائل)

یوم آزادی کے موقع پر 4مقامات پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملے کیے گئے، تاہم جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔


پولیس کے مطابق تھانہ جمرود کے علاقے ، سخی پل پولیس پوسٹ، تھانہ باڑہ کے علاقے میں ایف سی پوسٹ اور متھرا میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے خودکار اسلحہ اور دستی بموں سے حملےکیے، تاہم بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے جب کہ حملوں میں سکیورٹی فورسز کے اہل کار محفوظ رہے۔



دہشت گردی کی کارروائی جمرود تحصیل کمپاونڈ پر کی گئی، جس میں دہشت گردوں نے دستی بم پھینکا اور شدید فائرنگ کی۔ تحصیل کمپاؤنڈ میں تھانہ جمرود سمیت مختلف سرکاری دفاتر قائم ہیں۔ دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس کی بھاری ہتھیاروں سے جوابی کارروائی کی گئی جس میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔


تھانہ حدود باڑہ علاقہ منڈئی کس میں ایف سی پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ ایف سی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔


علاوہ ازیں پشاور میں متھرا میں پولیس چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ صبح سات بجے پیش آنے والے واقعے میں پولیس چوکی کو جزوی نقصان پہنچا۔


چاروں حملوں میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Load Next Story