کراچی دوران ہفتے فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک 36 زخمی سمیت 50 گرفتار

گرفتار ملزمان سے 42 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ، 2 گاڑیاں اور 17 موٹر سائیکلیں برآمد

(فوٹو: فائل)

ایک ہفتے کے دوران شہر میں انسداد جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 30 مقابلے ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ہلاک اور 36 زخمی ڈاکوؤں سمیت 50 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات کے پیش نظر پولیس نے انسداد جرائم کے خلاف کاروائیاں کی ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران گرفتار ملزمان سے 42 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ، 2 گاڑیاں اور 17 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔


پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں مجموعی طور پر 712 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 37 کلو 719 گرام چرس، آئس، کرسٹل اور ہیروئی برآمد کی گئیں۔

گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 161 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھینی و چوری شدہ 46 موٹر سائیکلیں اور 3 گاڑیاں برآمد کیں۔ کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات جاری رہیں گے۔
Load Next Story