رہنما پی پی پی مخدوم جمیل کا پیرپگارا سے رابطہ سندھ میں بدامنی لاقانونیت پر تبادلہ خیال

سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور حروں کے پیشوا کے درمیان آئندہ چند روز میں ملاقات کا امکان ہے

ذرائع نے بتایا کہ دونوں گدی نشینوں کے درمیان جلد ملاقات کا امکان ہے—فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی اور سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزمان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پاگارا نے سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لاقانونیت پر تبادلہ خیال کیا اور ملاقات سے قبل دیگر ساتھیوں سے رابطہ کرنے پر اتفاق کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزمان اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پاگارا کے درمیان رابطہ ہوا اور دونوں روحانی گدی نشینوں کے سربراہان نے بذریعہ ٹیلیفون ایک دوسرے کی طبعیت دریافت کی۔

انہوں نے بتایا کہ پیر پگارا اور مخدوم جمیل الزمان نے ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لاقانونیت سمیت امن امان کی خراب صورت حال پر بات چیت کی۔

دونوں گدی نشینوں کی گفتگو کے دوران سیاسی اور معاشی میدان میں ترقیاتی طور پیچھے رہنے والے صوبہ سندھ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، سندھ کی بہتری اور خوش حالی کے لیے دونوں گدی نشینوں نے مشاورت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں دونوں روحانی پیشواؤں کے درمیان ملاقات کا امکان ہے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیرپگارا اور رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان کے درمیان ملاقات سے قبل سندھ کے دیگر ساتھیوں سے رابطہ کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔


رابطے کی تردید

بعد ازاں صوبائی وزیر بحالی مخدوم محبوب الزمان نے سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پاگارہ کے درمیان رابطے کی تردید کر دی۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ مخدوم جميل الزمان اور فنکشنل لیگ سربراہ پیر صاحب پاگارہ کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا اور ہم اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ اس خبر پر کوئی صداقت نہیں ہے۔

ادھر حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے بھی مخدوم جمیل الزماں سے ملاقات یا کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا تو ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے میڈیا والوں کو نہ جانے کون غلط خبریں دے رہا ہے-

انہوں نے کہا کہ جب ملک میں سیاست پیسے کے زور پر ہو رہی ہو اور ہر چیز بک رہی ہو تو ایسی سیاست ہمارے بس کی نہیں ہے۔
Load Next Story