’ بجلی کی قیمت میں ریلیف دیں ‘ گورنرسندھ نے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا

بجلی کی قیمتوں میں ریلیف نہ دیا گیا تو اس سے عوام میں احساس محرومی بڑھے گا، کامران ٹیسوری

فوٹو: فائل

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلی کو بجلی کے فی یونٹ 14روپے ریلیف دینے کے لیے خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا کہ پنجاب کی طرز پر سندھ میں بھی بجلی پر ریلیف کے لیے اقدامات کریں۔

گورنر سندھ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت سندھ اپنے اخراجات کم کرکے بجلی پر ریلیف دے۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ فی یونٹ 14 روپے کم کر کے عوام کو پیکیج دیا جائے ،یہ پیکج اگست ، ستمبر میں 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اچھا اقدام ہوگا۔


خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت پنجاب کی طرح ریلیف پلان پر عمل درآمد پر غور کرے۔ ریلیف سے شہریوں پر پڑنے والا مالی بوجھ کم کیا جاسکتا ہے،یہ عوامی فلاح و بہبود کے سندھ حکومت کے غیر متزلزل عزم کی بھی مثال بنے گا۔

گورنر سندھ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ریلیف نہ دیا گیا تو اس سے عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔ موجودہ معاشی صورتحال میں ریلیف کے فوائد انتہائی اہم قدم ثابت ہوں گے۔

کامران ٹیسوری نے اپنے مکتوب میں امید ظاہرکی ہے کہ حکومت سندھ بھی اپنے عوام کے لیے یہ اہم قدم ضرور اٹھائے گی۔ انہوں نے لکھا کہ حکومت سندھ کے مثبت جواب اور اقدام کا منتظر رہوں گا.
Load Next Story