بھارت کا آئی سی سی میں اجارہ داری کا خواب حقیقت کا روپ دھارنے لگا

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کے مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کے مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ (فوٹو: ایکسپریس ویب)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر اجارہ داری کیلئے بھارت کا خواب حقیقت کا روپ دھانے لگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ موجودہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے کے مستعفیٰ ہونے کے بعد عہدہ سنبھال لیں گے۔

بارکلے نے منگل کی رات ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ سمیت آئی سی سی کے ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا کہ وہ عہدہ چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کا اجلاس؛ چیئرمین کے انتخابی عمل پربات چیت متوقع

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں عہدہ سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

آئی سی سی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ گریگ بارکلے نے بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ وہ تیسری مرتبہ اپنی مدت بڑھانے کیلئے کوئی درخواست نہیں دیں گے بلکہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔


مزید پڑھیں: 'چیمپئینز ٹرافی 2025؛ بھارت آئے گا یا نہیں! ابھی سرکاری موقف نہیں آیا'

بارکلے کو پہلی بار نومبر 2020 میں آئی سی سی کے خود مختار چیئرمین کے طور پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ 2022 میں انہیں دوبارہ منتخب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب آئی سی سی کے موجودہ ڈائریکٹرز کو اگلے چیئرمین کے انتخاب کیلئے 27 اگست 2024 تک نامزدگی جمع کرانا ہوگی، بعدازاں منتخب نمائندہ کی 1 دسمبر 2024 کو ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی 2025؛ ڈرافٹ شیڈول منظر عام پر آگیا

اگرچہ بارکلے مزید 2 سال کی مدت کے لیے اہل ہیں لیکن جے شاہ کو آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت دیگر ممالک کی حمایت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے جبکہ بھارت اپنی ٹیم بھیجنے کے حوالے سے صاف انکار کررہا ہے، ایسے میں اگر جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوتے ہیں تو پاکستان کیلئے ایونٹ کی میزبانی مزید مشکل ہوجائے گی۔
Load Next Story