ٹول گیٹ عملے اور ڈرائیوروں میں ٹیکس وصولی پرتصادم

عملہ گیٹ کے گردونواح میں رہنے والوں سے بھی ٹیکس وصول کررہا ہے،مکینوں کاموقف

نوٹیفکیشن کیمطابق ٹیکس وصول کیا،اعتراض کرنیوالے حکومت سے بات کریں، منیجرٹول ٹیکس، فوٹو: فائل

PESHAWAR:
ٹول گیٹ عملے اور ڈرائیوروں میں ٹیکس کے تنازع پر تلخ کلامی کے بعد تصادم ہو گیا۔

مشتعل افراد نے ٹول گیٹ کا گھیرائو کر لیا، توڑ پھوڑ کرکے عملے کو بھگا دیا، اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ان کی نگرانی میں عملے نے ٹیکس کی وصولی دوبارہ شروع کر دی۔

واقعے کے بعد گردونواح سے سیکڑوں افراد عثمان شاہ کے مقام پر جمع ہوگئے اور علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور دوبارہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے مقامی پولیس نے دیہاتیوں سے مذاکرات کیے۔


بعدازاں سابق تعلقہ ناظم حاجی خاوند بخش، ٹول ٹیکس میجر کرنل (ر) امجد، مسلم لیگ فنکشنل تعلقہ صدر نذیر زئور اور علاقے کے معززین کے درمیان واقعے پر راہو کی تھانے میں مذاکرات ہوئے، مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ٹول گیٹ کا عملہ گیٹ کے گردونواح میں رہنے والوں سے بھی ٹیکس وصول کررہا ہے اور بدتمیزی کرتا ہے۔

اس واقعے کی تمام تر ذمے داری ٹول گیٹ پر تعینات عملہ کی ہے، ٹول ٹیکس منیجر کرنل (ر) امجد نے صحافیوں کو بتایا کہ عملہ حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس وصول کررہا ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ حکومت سندھ سے رجوع کرے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے اس ٹیکس کی وصولی شروع کی گئی ہے اور مقامی آبادی اور عملے کے درمیان ایسے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، عوام کا کہنا ہے کہ ایک ہی تعلقہ اور یوسی کے رہنے والوں سے ٹول ٹیکس کی وصولی سراسر ظلم ہے، اسے کسی طور قبول نہیں کیا جائے گا۔
Load Next Story