بھارت میں ڈاکٹر کا ریپ اور قتل کراچی کے ینگ ڈاکٹرز بھی سراپا احتجاج

بھارتی حکومت واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لائے، ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ

فوٹو: ینگ ڈاکٹرز کراچی

بھارت کے شہر کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر مومیتا دیبناتھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف کراچی سول اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے ایک پرامن واک کا انعقاد کیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کی جانب سے منعقدہ اس واک میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرز نے شرکت کی، جنہوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

واک کا آغاز میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر سے ہوا جہاں سے شرکاء نے ڈاؤ یونیورسٹی و اسپتال تک پیدل مارچ کیا۔ واک کے دوران ڈاکٹرز نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈاکٹر مومیتا دیبناتھ کے لیے انصاف اور جوابدہی کے مطالبات درج تھے۔


ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مومیتا دیبناتھ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور اس کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہیلتھ کیئر پروفیشنل کے طور پر ہر ڈاکٹر کا حق ہے کہ وہ محفوظ ماحول میں اپنی خدمات انجام دے اور اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہو تو اسے فوری طور پر انصاف ملے۔

واک کے اختتام پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے تمام ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مقصد کے لیے متحد ہو جائیں اور عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں موجود خواتین کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائیں۔

ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت اس واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلائے۔
Load Next Story