یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا نااہل حکومت کی غریب دشمن پالیسی کا ثبوت ہے بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا نااہل حکومت کی غریب دشمن پالیسی کا ثبوت ہے۔
حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرانے پر غور کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز غریب عوام کے لیے ریلیف کا واحد ذریعہ تھا۔ مینڈیٹ چور حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو اس ریلیف سے بھی محروم کیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز بند کرانا نااہل حکومت کے غریب دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ یوٹیلٹی اسٹورز میں برسرروزگار تھے۔ یوٹیلٹی اسٹورز بند کرانے سے ہزاروں کی تعداد میں خاندانوں کا ذریعہ معاش بھی چھینا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز ملازمین جعلی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نااہل حکومت اشتہاری مہم پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے مگر اس کے پاس یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ ٹک ٹاکر راج کماری مریم نواز ذاتی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے لیکن غریب عوام پر پیسے خرچ کرنے کے لیے خزانہ خالی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب جائے تو کہاں جائے۔ جعلی فارم 47 حکومت میں غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ نااہل ٹولے نے غریب عوام پر زمین تنگ کردی ہے۔