ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں شان مسعود

بعض موقعوں پر بنگلا دیش نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کبھی ڈرا کی طرف نہیں سوچا، قومی کپتان

فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ مایوسی پورے پاکستان کو ہوئی ہے اور ہم شائقین سے معذرت اور اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں، ٹیم کے مورال کے لیے دوبارہ بیٹھیں گے۔

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یقیناً مایوس کن کارکردگی ہے لیکن گر کر اٹھنا ہے، ان شاء اللہ ایک دوسرے کو اٹھا کر پاکستان کو اچھے نتائج دیں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ ٹیم کی حیثیت سے پانچویں دن غلطیاں کیں، وکٹ چار دن تک ٹھیک ہی رہی لیکن باؤلنگ میں ہم نے کچھ کمزوری دکھائی۔ صرف ایک چیز کو وجہ قرار نہیں دے سکتے بلکہ موسم وغیرہ اور دیگر عوامل بھی اثر انداز رہے۔


مزید پڑھیں؛ راولپنڈی ٹیسٹ؛ بنگلادیش کی تاریخی فتح، گرین شرٹس کو 10 وکٹوں سے شکست

انہوں نے کہا کہ صرف پانچویں دن پر بات نہیں کروں گا بلکہ چاروں دن کی صورتحال کو مدنظر رکھنا چاہیے، بنگلا دیش کو پانچویں روز اسپنر سے مدد ملی۔ ہم سے کچھ غلطیاں ہوئیں جیسے 200 رنز کی لیڈ تھی لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

شان مسعود نے کہا کہ میچ میں کچھ موومنٹ ہوتے ہیں جیسے باؤلنگ میں نئی بال کا تھا وہاں کوشش تھی پرفارم ہو، بعض موقعوں پر بنگلا دیش نے بہتر کھیل پیش کیا لیکن کبھی ڈرا کی طرف نہیں سوچا۔ جو غلطیاں ہوئیں ہیں اب ان کو سدھارنے کا وقت ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے وکٹ کی صورتحال کو چیک کریں گے جو بہترین ہوا وہ کریں گے۔ اسپنرز کو شامل کرنے کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کریں گے، ابرار اَن فٹ تھا۔ جیتنے اور کارکردگی دیکھانے کے لیے کھیلتے ہیں، سپورٹس مین کبھی بھی ہار نہیں مانتا، کوشش ہوگی اگلا میچ جیتیں۔
Load Next Story