کراچی میں بارش کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم کی جزوی تعمیر نو کا کام متاثر

پی سی بی نے چمپیئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے میں تین بڑے اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کیلئے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کرلیے ہیں

بارش تھم جانے کی صورت میں ہفتے کو کام دوبارہ شروع کردیا جائے گا—فوٹو: ایکسپریس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کی جزوی تعمیر نو اور تزئن و آرائش کا کام مون سون کی بارشوں کے باعث متاثر ہو گیا۔

کراچی میں رواں ہفتے ہونے والی بارش کے باعث چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں اسٹیڈیم میں جاری کام متاثر ہوا ہے اور برساتی پانی کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے منہدم شدہ مینوئل اسکور بورڈ کا ٹاور، نسیم الغنی انکلوژر اور اقبال قاسم انکلوژرز کا ملبہ اٹھانے کا عمل جزوی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حفاظتی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاہم دیگر تعمیراتی امور انجام دینے کا عمل بدستور جاری ہے۔

شہر میں مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں ہفتے کو سے تزئین و آرائش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔


نیشنل اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل اسٹیڈیمز تعمیر کرنے والے غیرملکی ادارے کے منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق پہلے مرحلہ میں مذکورہ مقام پر5 منزلہ نئی عمارت میں کھلاڑیوں کے لیے ڈریسنگ رومز تعمیر کیے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں تمام انکلوژرز میں چھت کے لیے جدید طرز کی ٹیفلون کی تنصیب کی جائے گی، تیسرے اور آخری مرحلے میں مرکزی عمارت کا انہدام کرکے نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔

اسٹیڈیم کے نئے تعمیراتی منصوبے میں میڈیا باکسز، براڈ کاسٹرز اور کمنٹیٹرز کے لیے مختص مقام کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ میڈیا گیلری کا قیام بھی شامل ہے۔

پی سی بی نے چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی کے میگا پروجیکٹ کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔
Load Next Story