حکمران امریکاکی سفارتکاری چھوڑ کر اسلام کے سفیر بنیں منورحسن

ہلاکتوں،املاک کے نقصان پر دکھ ہوا، زرداری مظاہرے میں شامل ہوتے تو لوگ مشتعل نہ ہوتے۔

ہلاکتوں،املاک کے نقصان پر دکھ ہوا، زرداری مظاہرے میں شامل ہوتے تو لوگ مشتعل نہ ہوتے۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے یوم عشق رسول ﷺ کے موقع پر ڈیڑھ درجن سے زائد افرادکی ہلاکت اور سو سے زیادہ کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔


منصورہ سے جاری بیان میں سید منور حسن نے کہاکہ ان کی جماعت سمیت مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے لاکھوں کارکنان مظاہروں میں شریک ہوئے لیکن چندشر پسند عناصرنے بعض مقامات پر پتھرائوکیا اور املاک کو نقصان پہنچایاجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، ان کا کہناتھاکہ تشدد اور جلائو گھیرائوسے کسی عظیم مقصد کو حاصل نہیں کیا جاسکتا، بلکہ اس سے عموماً تحریکیں ناکام ہوجاتی ہیں ، اس سے پہلے نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہازرداری اگر حکومتی عہدیداروں اوروزرا کے ہمراہ توہین رسالت ؐ کے خلاف سڑکوں پر آتے تولوگ مشتعل نہ ہوتے۔

حکمرانوں کا بزدلانہ اور مغربی استعمار کی تابعداری پر مبنی رویہ عوام میں غم و غصے کا باعث بن رہاہے، انھوں نے کہاکہ حکمران امریکا اور مغرب کی سفارت کاری چھوڑ کراسلام اور پیغمبر اسلام کے سفیر بنیں، سید منورحسن نے کہا حکومت فوری طور پر امریکی سفیر کو طلب کرکے ٹیری جونز اور بدبخت فلم ساز یہودی کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ کرے اور اس کے لیے ایک ڈیڈ لائن مقرر کی جائے، اگر طے شدہ وقت میں امریکا اس پر عمل نہیں کرتا تو اس کے سفیر کو ملک بدر کرکے امریکا سے ہر طرح کے تعلقات منقطع کیے جائیں۔
Load Next Story