حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار 10 کروڑ روپے اور ہزاروں ڈالرز برآمد

ملزم سے 10 کروڑ 24 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ، 51850 امریکی ڈالر، 1500 آسٹریلین ڈالر اور 250 درہم برآمد ہوئے

گرفتار ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے ایف آئی اے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا

حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔


ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیری کی ہدایات پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی جانب سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔



تازہ کارروائی میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم بہزاد عالم کو کراچی کے علاقے صدر سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔


چھاپے کے دوران ملزم سے 10 کروڑ 24 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ، 51850 امریکی ڈالر، 1500 آسٹریلین ڈالر اور 250 درہم بھی برآمد ہوئے۔ ملزم بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ہے۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔


ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ گرفتار ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Load Next Story