اختر مینگل کو منانے کیلیے حکومت و اپوزیشن کا مشترکہ وفد بھیجنے کا تجویز

اسپیکر کے چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن کی ملاقات، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، رانا ثناء اللہ اور خالد مگسی بھی شریک

(فوٹو : فائل)

حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ وفد بناکر مستعفی رکن اسمبلی اختر مینگل کو منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان سے منتخب ایم این اے اختر مینگل کے استعفی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسپیکر کے چیمبر ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا حکومت اور اپوزیشن کا مشترکہ وفد ناراض اختر مینگل کے پاس جائے گا اور انہیں منا کر ایوان میں واپس لائے گا۔

اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوئی ملاقات میں اپوزیشن وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور عامر ڈوگر شریک تھے جب کہ حکومت کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور خالد مگسی بھی ملاقات میں موجود رہے۔


ذرائع کے مطابق ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی، مشترکہ اجلاس سے متعلق فریقین کے درمیان گفتگو ہوئی، بلوچستان کی صورتحال پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔

سردار اختر مینگل کے استعفے پر اپوزیشن اور حکومتی وفد میں مشاورت ہوئی، حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ وفد اختر مینگل کے پاس بھیجنے کی تجویز دی جو کہ اپوزیشن کی جانب سے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ تجویز منظور ہونے کی صورت میں مشترکہ وفد بھیج کر اختر مینگل کو منا کر ایوان میں لایا جائے گا۔
Load Next Story