وزیراعظم کا کراچی میں 15 ارب روپے کے ریپڈ بس منصوبے کا اعلان

منصوبے کو گرین لائن کا نام دیا گیا ہے اوریہ 26 کلو میٹر طویل ہوگا جس سے روزانہ ساڑھے تین لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے

لاہور اور راولپندی کے میٹرو بس منصوبوں کی طرح کراچی منصوبے پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، وزیراعظم ہاوس۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD:
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے 15 ارب کی لاگت سے ریپڈ ٹرانسپورٹ سروس کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے شہر میں 15 ارب روپے کی لاگت سے لاہور کی میٹرو بس سروس کی طرز کے ریپڈ ٹرانسپورٹ سروس کا اعلان کیا ہے۔ ریپڈ ٹرانسپورٹ سروس کے منصوبے کو گرین لائن کا نام دیا گیا ہے جس میں سندھ حکومت اور بلدیہ کا تعاون بھی شامل ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لئے ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لائن منصوبے کا جلد کام شروع ہو جائے گا۔


وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرین لائن منصوبے سے روزانہ ساڑھے تین لاکھ افراد مستفید سکیں گے، منصوبہ 26 کلو میٹر طویل ہوگا اور اس کے تمام تر اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعظم ہاؤس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ لاہور اور راولپنڈی کے میٹرو بس منصوبوں کی طرح کراچی کے منصوبے پر بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل اور اقتصادی شہہ رگ ہے اسے امن کا شہر بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی لاہور موٹر وے کے لئے این ایچ اے کو 55 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں، منصوبے پر چند ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر کراچی کے دورے پر ہیں جہاں آج انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن میں تعاون جاری رکھنے کے لئے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
Load Next Story