کراچی دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر نیوی اہلکار اور بیٹی کے قتل کا ملزم گرفتار
کورنگی صنعتی ایریا پولیس اورحساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر نیوی اہلکار اور اس کی بیٹی کوقتل کرنے والے مفرور ملزم کو گرفتارکرلیا۔
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن کے مطابق قتل کے مرکزی اور مفرور ملزم علی گوہر نے گزشتہ سال 24 ستمبر کو دورانِ ڈکیتی مزاحمت باپ بیٹی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ مقتول طاہر زمان پاکستان نیوی میں بطورسیلرملازمت کرتا تھا اور اپنی 2 سالہ بیٹی انعم کوگھمانے کے لیے سی ویو لے گیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں نیوی اہلکار کے کمسن بیٹی سمیت قتل میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
سی ویو سے واپسی پرکورنگی صنعتی ایریا سیکٹر 16 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر2 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے باپ بیٹی کو قتل کردیا تھا، جس پر قتل کا مقدمہ الزام نمبر 23/1358 مقتول طاہر زمان کے رشتے دار فضل الرحمٰن کی مدعیت میں 302،23/393 کے تحت 2 نامعلوم مسلح ملزمان کےخلاف کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی تھی۔
گزشتہ روزپولیس اورحساس ادارے نےمشترکہ کارروائی کے نتیجے میں مفرورمرکزی ملزم کو گرفتارکرلیا، جس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔