کبھی خوشی کبھی غم کے اداکار کی موت کیسے ہوئی اہلیہ نے بتا دیا

وکاس موت سے قبل اسپتال جانے کے لیے راضی نہیں تھے، اہلیہ

وکاس سیٹھی نے کئی بھارتی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے : فوٹو : ویب ڈیسک

بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف ڈرامہ سیریل 'کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی' کے معروف اداکار وکاس سیٹھی کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وکاس سیٹھی کی اہلیہ جھانوی سیٹھی نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ خاندانی تقریب کے لیے ممبئی سے اپنے والدین کے گھر آئی آرہی تھیں تو راستے میں ہی وکاس کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔

جھانوی سیٹھی نے کہا کہ جب ہم میرے والدین کے گھر پہنچے تو وہاں وکاس کو اُلٹیاں ہونا شروع ہوگئی تھیں لیکن وہ اسپتال جانے پر راضی نہیں ہوئے اور گھر پر ہی ڈاکٹر کو بُلایا۔

اُنہوں نے کہا کہ جب اتوار کی صبح 6 بجے میں وکاس کو جگانے لگی تو وہ نہیں اُٹھے، پھر ہم نے ڈاکٹر کو بُلایا اور اُنہوں نے وکاس کا معائنہ کیا تو اُن کی موت ہوچکی تھی۔

جھانوی سیٹھی نے کہا کہ ڈاکٹر نے ہمیں بتایا کہ وکاس ہفتے کی شب ہی نیند میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔


مزید پڑھیں: ڈرامہ سیریل 'کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی' کے معروف اداکار چل بسے

اداکار کی اہلیہ نے مزید کہا کہ ہم نے وکاس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ممبئی کے کوپر اسپتال بھیج دیا ہے۔

واضح رہے کہ وکاس سیٹھی کی موت کی خبر 8 ستمبر اتوار کی صبح سامنے آئی تھی، اداکار نے اپنے سوگواران میں اہلیہ اور جڑواں بچے چھوڑے ہیں۔

وکاس سیٹھی کی اچانک موت پر جہاں اُن کے اہلخانہ شدت غم سے نڈھال ہیں تو وہیں بھارتی شوبز شخصیات اور مداح بھی گہرے دُکھ کا اظہار کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ وکاسی سیٹھی نے مشہورِ زمانہ بالی ووڈ فلم 'کبھی خوشی کبھی غم' میں بھی مختصر کردار ادا کیا تھا، اس کے علاوہ اُنہوں نے ڈانس شو 'نچ بلیے' میں بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تھی۔

وکاس سیٹھی کے مشہور ڈراموں میں 'کسوٹی زندگی کی' بھی شامل ہے جس میں اُنہوں نے پریم باسو کا کردار ادا کیا تھا۔
Load Next Story