بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

نوجوانوں کو ضلع راجوڑی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا

کشمیری نوجوانوں کو ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع راجوڑی میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔

جارحیت پسند بھارتی فوج نے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ خواتین کو ہرساں کیا۔ بزرگوں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔


سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 نہتے کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ یہ نوجوان مقامی کالج کے طالب علم تھے۔

مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے۔ جنھوں نے بھارتی فوج کی چھاپا مار ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔

بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کردیا اور تاحال شہدا کے والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
Load Next Story