گنڈاپور کو ہٹایا نہ گیا تو آئینی راستہ اپنا کر صوبے کو بربادی سے بچانا ہوگا لیگی رہنما
لیگی رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ گنڈاپور کو ہٹایا نہ گیا تو آئینی راستہ اپنا کر صوبے کو بربادی سے بچانا ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی ترجمان اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ پختونخوا سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور اسمبلی کے اندر اور باہر حکومتی گرفت کھو چکے ہیں، وہ اب اپنا اسعفا دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ جو وزیراعلیٰ اپنی حفاظت نہیں کرسکتا اور لاپتا بھی ہو جاتا ہے، اس کو استعفا دینا چاہیے۔ 4 کروڑ کی آبادی کو ایک خبطی بندے کے رحم و کرم پر چھوڑنا پختونخوا کے ساتھ ظلم ہے۔ 8ماہ سے گنڈاپور نے بڑھک بازی، رنگ بازی اور ڈائیلاگ بازی کے سوا کچھ نہیں کیا۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ لڑائی اور نفرتیں پھیلانا ان کا خاصا بن چکا ہے۔ اگر گنڈاپور کو ہٹایا نہیں جاتا تو آئینی اور دستوری راستہ اپنا کر صوبے کو مزید بربادی سے بچانا ہوگا۔ گورنر راج بھی لگا تو علی امین کی حکومت سے بہت بہتر ہوگا۔