اسرائیل کی بربریت چوتھے روز بھی جاری شہید فلسطینیوں کی تعداد 109 ہو گئی

صیہونی فورسز کی بمباری سے شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

عالمی برادری غزہ میں تشدد کو رکوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے، بان کی مون۔ فوٹو؛ اے ایف پی/فائل

صیہونی فورسز کی مقبوضہ غزہ کی پٹی میں بربریت چوتھے روز بھی جاری ہے اور اسرائیلی جیٹ طیاروں کی تازہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے تازہ ترین کارروائی میں جیٹ طیاروں کی مدد سے غزہ سٹی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 21 افراد شہید جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔ فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 4 روز سے جاری بمباری میں 107 نہتے فلسطینی شہید جب کہ 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ پر اب تک تقریبا 450 مقامات پر 900 سے زائد بم فائر کئے جا چکے ہیں، غزہ کی سرحد پر سیکڑوں ٹینکس تعینات جب کہ 20 ہزارریزرو فوجیوں کو بھی طلب کر لیا ہے۔


اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فریقین سے جنگ بندی کی اپیل کی اور عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ غزہ میں تشدد کو رکوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے۔ دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔ جب کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے جنگ بندی کی کوششوں کے لیے وزارتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ اسرائیل معصوم بچوں پر بمباری کر کے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ روز بھی شمالی غزہ کے علاقے خان یونس میں بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد شہید جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story