سانحہ بلدیہ کی 12 ویں برسی پر لواحقین کا متاثرہ فیکٹری کے سامنے اجتماع

لواحقین نے شہید ہونیوالے اپنے پیاروں کی تصاویر کے سامنے دیے روشن کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا

فائل فوٹو : ایکسپریس

سانحہ بلدیہ کی بارہویں برسی کے موقع پر سانحہ میں شہید ہونے والے 260 مزدوروں کے لواحقین اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے متاثرہ فیکٹری کے سامنے یادگاری اجتماع میں شرکت کی۔

اجتماع میں لواحقین نے اپنے جاں بحق ہونے والے پیاروں کی تصاویر کے سامنے دیے روشن کرکے واقعے میں شہید ہونے والے ورکرز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اجتماع سے خطاب میں مزدور رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ کو 12 سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود مزدوروں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔


مقررین نے ساٹھ لاکھ ڈالر معاوضہ کی خطیر رقم کو لواحقین اور مزدور تنظیموں کی مشاورت کے بغیر انشورنس کمپنی کو غیر شفاف انداز میں دینے پر آئی ایل او کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجتماع سے حبیب الدین جنیدی، ناصر منصور، زہرہ خان، اسد اقبال بٹ، حسنہ خاتون و دیگر نے خطاب کیا۔

یاد رہے کہ کراچی میں 11 ستمبر 2012 کو بلدیہ ٹاؤن میں واقع گارمنٹس فیکٹری علی انٹر پرائزز میں آتشزدگی کے واقعے میں 260 افراد زندہ جل کر ہلاک جبکہ 60 زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story