ڈھانچہ جاتی اصلاحات حکومتی پالیسی ایجنڈے کی بنیاد ہیں وزیرخزانہ

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل اقتصادی تعاون کا شکریہ ادا کیا

محمد اورنگزیب سے سعودی سفیر نے ملاقات کی—فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں جو حکومت کے پالیسی ایجنڈے کی بنیاد ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے فنانس ڈویڑن میں ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں جو حکومت کے پالیسی ایجنڈے کا سنگ بنیاد ہے۔

انہوں نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل اقتصادی تعاون کا شکریہ ادا کیا اور سعودی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ جوائنٹ وینچرز اور کاروباری تعاون آگے بڑھانے میں نئی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر نے رواں سال اپریل میں اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان عبدالرحمان المرشد کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقاتوں کا تذکرہ بھی کیا۔


انہوں نے مئی میں اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد کے سعودی عرب سے پاکستان کے دورے کے اہم نتائج بھی بتائے جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا، دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

ملاقات کے دوران محمداورنگزیب نے پاکستان کی مثبت اقتصادی رفتار کا خاکہ پیش کیا، جس میں اہم اشاریوں کا حوالہ دیا، کرنسی کا استحکام، مہنگائی میں کمی، ترسیلات زر میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا محتاط انتظام اور زرمبادلہ کے ذخائر دو ماہ کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ساختی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ میں حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے مملکت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے بے پناہ امکانات کا بھی اعتراف کیا اور عندیہ دیا کہ آئندہ مہینوں میں سعودی تجارتی وفد کا پاکستان کا دورہ متوقع ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں اور اشتراکی سرمایہ کاری کے شعبوں کو مزید تلاش کیا جا سکے۔
Load Next Story