کیا آپ یقین کریں گے وینزویلا کے ایئرپورٹ پر سانس لینے پر بھی ٹیکس دینا پڑتا ہے

ایئرپورٹ کے ایئرکنڈیشنگ سسٹم پر آنے والی لاگت کو پورا کرنے کیلئے وہاں آنیوالے مسافروں سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے،حکام

ماکویتیا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں سے 20 ڈالر ٹیکس کی مد میں وصول کئے جارہے ہیں۔ فوٹو؛فائل

آپ نے مختلف اقسام کی مشینری، آلات، موبائل پر سیلز ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز کے بارے میں تو سنا ہوگا لیکن لاطینی امریکا کی شمالی ریاست وینزویلا کے ایک ایئرپورٹ پر مسافروں سے سانس لینے پر بھی ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔


غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے شہر ماکویتیا کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے مسافروں کے ٹیکس، اضافی ٹیکس اور ایندھن سمیت مختلف محصولات سے ایک قدم آگے بڑھ کر اب مسافروں سے سانس لینے پر بھی 20 امریکی ڈالر لئے جارہے ہیں۔ وینزویلا کے حکام کے اس فیصلے پر عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی ہم فضائی سفر کرتے ہیں تو ہمیں نہ ختم ہونے والے ٹیکس اور اضافی سرچارجز ادا کرنے پڑتے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ٹیکس کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

وینزویلا کے حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے ایئر کنڈیشنگ سسٹم پر آنے والی لاگت کو پورا کرنے کے لیے وہاں آنے والے مسافروں پر اوزون ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے تحت ان سے 20 امریکی ڈالر وصول کئے جارہے ہیں۔
Load Next Story