12ربیع الاول کوگورنرہاﺅس میں عظیم الشان محفل منعقد ہوگی کامران ٹیسوری

11اور 12ربیع الاول کی عام تعطیل کےلiے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا، میڈیا سے گفتگو

فوٹو: فائل

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول پر گورنر ہاؤس میں عظیم الشان محفل منعقد ہوگی اور چراغاں بھی کیا جائے گا، اس روز گورنر ہاﺅس کے دروازے عام لوگوں کے لیے کھلے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاﺅس میں 12ربیع الاول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں مولانا کوکب اوکاڑوی، جمیل راٹھور، شاہد غوری ، شبیر ابو طالب ، بلا ل سلیم قادری ، مولانا ثروت اعجاز قادری ، مفتی محمد نظیر جان ،احمد رضا، مولانا یعقوب عطاری ، مولانا عادل عطاری ، مولانا محمداکبر ، محمد نوید عباسی ، عبد القادر نورانی، علامہ اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوس، محافل، ریلیوں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ سڑکوں کی استرکاری اور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میرا نوٹیفکیشن بھی 12 ربیع الاول کو ہوا۔ نبی کریمﷺ کی ولادت باسعادت مسلمانوں کے لیے اہم ترین دن ہے۔ آپ ﷺ کی آمد سے دنیا سے جہالت کا خاتمہ ہوا۔


گورنرسندھ نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اختلافات بھلا کر وطن عزیزکی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ علمائے کرام نے تجویز دی ہے کہ 11اور 12ربیع الاول کے ایام میں عام تعطیل کی جائے، اس ضمن میں وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ نے بات کروں گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 14اگست اور 6 ستمبر کو جو اسٹیج تیار کیا گیا تھا اور جس کی سب نے ہی تعریف کی تھی انشاءاللہ 12ربیع الاول کے روزجشن عید میلادالنبی ﷺ کے لیے اس سے بھی عالیشان اسٹیج تیار کیا جائے گا ۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم غلامان رسول ﷺ ہیں اور نبی پاک ﷺ کے غلام بن کر اپنی زندگیاں گزارنا اعزاز سمجھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 12ربیع الاول کے لیے اپنی تمام ٹیم کو 24گھنٹے سڑکوں کی مرمت پر لگائیں اور جہاں میری ضرورت ہو مجھے بتائیں میں خود بھی سڑکوں پر کھڑا ہونے کو تیار ہوں۔
Load Next Story