آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات طے پاگئے ہیں وزیرخزانہ

رواں ماہ آئی ایم اہف کے بورڈ کے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی، محمد اورنگزیب

محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں ماہ حتمی شکل دے دی جائے گی—فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں اور رواں ماہ بورڈ کے اجلاس میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے اہم بیان میں کہا کہ الحمدللہ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں، جس کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی ٹیم، آئی ایم ایف کی مذاکراتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حتمی مراحل میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایم اہف کے بورڈ کے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔


یہ بھی پڑھیں: حکومت آئی ایم ایف کو راضی کرنے میں کامیاب، 25 ستمبر کو نئے قرض کی منظوری کا امکان

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان سے عام آدمی کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے۔

قبل ازیں آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولیا کوزیک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا جس میں پاکستان کے لیے نئے قرض پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔
Load Next Story