کم سن بچی کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے والا رشتے دار گرفتار

بلیک میلنگ سے پریشان لڑکی خود کشی کی کوشش بھی کرچکی تھی، والدہ کا بیان

پولیس نے ملزم کا فون بھی قبضے میں لے لیا:فوٹو:فائل

سوشل میڈیا کے ذریعے کم سن بچی کو ہراساں کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان سیف سیٹیز کے مطابق راولپنڈی سے لڑکی کی والدہ نے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی میں نامعلوم لڑکے خلاف 13 سالہ بیٹی کو ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی۔ لڑکی کی والدہ کا کہنا تھا کہ لڑکا سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ بیٹی خود کشی کرنے کی کوشش بھی کرچکی ہے۔


ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے پولیس کو فوری موقع پر روانہ کیا۔ پولیس نے لڑکی اور اس کی والدہ کو بھرپور مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے پر سکون رہنے کا مشورہ دیا اورسوشل میڈیا پر تحقیق کے بعد بلیک میل کرنے والے لڑکے کا سراغ لگا لیا۔ بعد ازاں لڑکے کو گرفتار کرکے اس کے موبائل سے تمام ڈیٹا ڈٰیلیٹ کرکے فون قبضے میں لے لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دوران تفتیش معلوم ہوا کہ بلیک میلر متاثرہ فیملی کا دور کا رشتے دار ہے۔ متاثرہ فیملی نے مزید قانونی کارروائی سے منع کردیا ۔ پولیس نے تحریری ضمانت لے کر لڑکے کو چھوڑ دیا۔ بچوں سے ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر کال کرکے 3 کا بٹن دبا کر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Load Next Story