پشاور مشتعل مظاہرین کا گرڈ اسٹیشن پر پتھراؤ کے بعد قبضہ

صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی مدد طلب کر لی گئی ہے، ترجمان پیسکو

مشتعل مظاہرین نے متعدد فیڈرز سے بجلی آن کرلی—فوٹو: اسکرین گریب

لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور مشتعل مظاہرین گرڈ اسٹیشن پر پتھراؤ کے بعد قبضہ کرلیا اور متعدد فیڈرز سے بجلی بھی آن کردی۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشتعل مظاہرین نے پیسکو کے دلہ ذاک گرڈ اسٹیشن پر قبضہ کر لیا ہے جہاں 500سے زائد مشتعل مظاہرین زبردستی گرڈ میں داخل ہوئے ہیں۔


ترجمان پیسکو نے بیان میں کہا کہ مظاہرین کی جانب سے گرڈ اسٹیشن پر پتھراؤ کیا گیا اور عملے کو گرڈ سے باہر نکال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کا تعلق گلوزئی، محمد زئی اور ملحقہ علاقوں کے فیڈرز سے ہے اور گلوزئی، محمدزئی، گل بیلہ، پخ غلام اور گل آباد فیڈر زبردستی آن کردیے گئے ہیں۔

ترجمان پیسکو کا کہنا تھا کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پیسکو حکام نے پولیس سے مدد طلب کر لی ہے جبکہ گزشتہ روز گرڈ اسٹیشن پر قبضہ کرنے والے ناظمین کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا تھا۔
Load Next Story