راولپنڈی 3 بچے پراسرار طور پر لاپتا سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر اغوا
وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں تین بچے پراسرار طور پر لاپتا ہو گئے جب کہ ایک سرکاری اسکول کی خاتون ٹیچر کو بھی اغوا کرلیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد کے علاقے سے 3 کم عمر بچے پراسرار طور پر لاپتا ہو گئے، جن میں 11 سالہ آصف ولد محمد یوسف گلی نمبر 8 نصیر آباد سے گم ہوگیا، 10 سالہ محمد آیان ولد واجد علی گلی نمبر 7 سے لاپتا ہو ہے جب کہ 13 سالہ محمد عمر ولد تاج الرحمٰن گلی نمبر 5 سے لاپتا ہوا ہے۔
پولیس نے رپورٹ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے جب کہ والدین بھی اپنے طور پر بچے کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔
دریں اثنا راولپنڈی میں کلرسیداں کے علاقے میں اسکول ٹیچر حلیمہ بی بی کو اغوا کرلیا گیا ہے۔ خاتون گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول لونی کی کنٹریکٹ ٹیچر ہیں، جن کے والد عبدالعزیز کی مدعیت میں تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔