انگلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں آخری وکٹ کی پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

جو روڈ اور جیمز اینڈرسن نے نے بھارت کے خلاف میچ کے چوتھے روز دسویں وکٹ کے لیے 198 رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا

روٹ اور اینڈرسن نے بھارت کی آخری وکٹ کا جواب دیکر بھارتیوں کو بتا دیا کہ اسے کہتے ہیں سیر کو سوا سیر۔ اے ایف پی فوٹو

لاہور:

انگلینڈ کے بیٹسمینوں جو روڈ اور جیمز اینڈرسن نے نے بھارت کے خلاف ٹرینٹ برج میں جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دسویں وکٹ کے لیے 198 رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا


انیڈرسن جب جو روٹ کا ساتھ دینے وکٹ پر آئے تو یوں لگ رہا تھا کہ بھارت پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔ انگلش تماشائی بھی مایوس نظر آرہے تھے اور ہر کوئی بہت ہی معدوم امیدوں کے ساتھ جو روٹ کی جانب دیکھ رہا تھا جو انگلش ٹیم کی آخری امید بن کر کریز پر موجود تھے۔ اینڈرسن میدان میں اترے اور جو روٹ کا ساتھ دینا شروع کیا اور رفتہ رفتہ اسکور میں اضافہ ہونے لگا۔



دوسری جانب بھارتی باؤلرز اس کوشش میں تھے کہ جلد از جلد اینڈرسن کی وکٹ حاصل کر لیں۔ ہر بھارتی گیند باز بڑے جوش سے بولنگ کر رہا تھا اور یوں محسوس ہو رہاتھا کہ اینڈرسن اب آؤٹ ہوئے اور اب ہوئے لیکن کچھ دیر بعد دونوں بیٹسمین جم گئے اور بھارتی بولر کا جوش آہستہ آہستہ ٹھنڈا ہوتا چلا گیا اور بآلاخر انیڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی نصف سینچری مکمل کر لی۔ انہوں نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اورآخری وکٹ کے لیے 198 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اس سے قبل یہ ریکارڈ بھی انگلینڈ ہی کے پاس تھا جو آگار اور فل ہیگ نے ٹرینٹ برج میں ہی 163 رنز بنا کر گزشتہ سال قائم کیا تھا۔ اینڈرسن 81 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روٹ 154رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


اس ٹیسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی 137 سالہ تاریخ کا ایک اور عالمی ریکارڈ بھی قائم ہوا اور یہ پہلا موقع تھا جب دونوں ٹیموں کی جانب سے دسویں وکٹ کے لیے سینچری کیپارٹنرشپ قائم کی گئی ہو، اینڈرسن اور روٹ کے کارنامے سے ایک روز قبل بھارت کی جانب سے بھینشوار اور محمد شامی نے 111 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تھی۔


یہ کہا جا سکتا ہےکہ ٹرینٹ برج کا میدان ٹیم کے آخری کھلاڑیوں کی جنت ہے اسی لیے تو آخری وکٹ کے سارے عالمی ریکارڈ اسی گراؤنڈ پر بن رہے ہیں جس میں نہ صرف روٹ اور اینڈرسن نے بھارت کی آخری وکٹ کا جواب دیا بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرکے بھارتیوں کو بتا دیا کہ اسے کہتے ہیں سیر کو سوا سیر۔


Load Next Story