چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے 2 جوڑوں کی شادی

یورو میں مقیم لڑکوں اور لڑکیوں کے مابین نکاح کی یہ پہلی تقریب ہے

جوڑے 10 سال سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم تھے:فوٹو:ایکسپریس نیوز

لاہور کے چائلڈپروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے 2 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دعوت ولیمہ جمعہ کے روز ہوگی جس میں اہم سیاسی اور سماجی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور میں پہلی بار دو جوڑوں کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی ہے۔ یہ جوڑے گزشتہ 10 سال سے بیورو میں ہی مقیم تھے اور یہاں جوان ہوئے ہیں۔ نوجوان عامرکا نکاح فرح جبکہ زبیر کا نکاح نازیہ سے پڑھایا گیا ہے۔ ان کی عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔

چائلڈپروٹیکشن اینڈویلفیئر بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نےبتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ آج 4 لاوارث بچے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں لڑکیاں اور ایک لڑکا یہاں بیورو میں ہی ملازمت کرتے ہیں جبکہ ایک لڑکا پرائیویٹ جاب کررہا ہے۔


چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے نئے جوڑوں کے لئے الگ سے گھر وں کا بھی انتظام کیا ہے جہاں یہ اپنی نئی زندگی کے سفر کا آغاز کریں گے۔ بیورو کی طرف سے نئی دلہنوں کو گھریلو استعمال کی تمام ضروری اشیا، کپڑے اور تحفے جہیز کے طور پر دیئے گئے ہیں۔ سارہ احمد نے بتایا شادی سے قبل جوڑوں سے ان کی رضامندی بھی معلوم کی گئی تھی اور ان کی پسند سے ہی شادی کی گئی ہے۔ ان کی نئی زندگی کی کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔

شادی کے بندھن میں بندھنے والےجوڑے بھی کافی خوش ہیں۔ یہ چاروں نہیں جانتے کہ ان کے والدین اب کہاں ہیں۔ وہ بیورو کو ہی اپنا گھر یہاں مقیم بچوں کو اپنا بہن بھائی سمجھتے ہیں۔ ان کی شادی کے موقع پر بیورو میں مقیم عملے اور بچوں نے تمام رسمیں سادگی سے ادا کیں۔ دلہنوں کومہندی لگائی گئی۔

نئے شادی شدہ جوڑوں کے دعوت ولیمہ جمعہ کے روز ہوگی جس میں مختلف سیاسی،سماجی شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ اس سے قبل 2019 میں چائلڈپروٹیکشن بیورو میں مقیم ایک گونگی بہری لڑکی آمنہ گل کی شادی امریکا میں مقیم ثمر ملک نامی نوجوان سے ہوئی تھی جوخوشگوار زندگی گزار رہی ہے۔ بیورو میں مقیم لڑکوں اور لڑکیوں کے مابین نکاح کی یہ پہلی تقریب ہے۔
Load Next Story