وفاقی پولیس کے اہلکاروں کا سنگین جرائم میں ملوث ہونیکا انکشاف 3اہلکار برطرف


فائل فوٹو
تھانہ لوہی بھیر کے تین پولیس اہلکار ایس ایچ او کی ناک کے نیچے سنگین جرائم میں ملوث رہے جبکہ اہلکاروں کی جانب سے اغوا کاری کا گینگ چلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب نے اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا جن میں ہیڈ کانسٹیبل فرخ آفتاب، کانسٹیبل ذوالفقار اور کانسٹیبل رمیز ستی شامل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشن علی رضا کی جانب سے اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، محکمے میں رشوت خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے گا۔