آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے وزیراعظم

دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، آئندہ ماہ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، خطاب

فوٹو پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے، آئندہ ماہ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے 75ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شہباز شریف نے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی قیادت اور عوام کو یوم تاسیس پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ چین کا یوم تاسیس مشترکہ طور پر منانا خوش آئند ہے، دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔


انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے، چین نے علاقائی اور عالمی امن کیلیے ہمیشہ احسن کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دوسرے عالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی روابط بڑھیں گے جبکہ آئی ٹی، معدنیات و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
Load Next Story