حدود سے تجاوز کرنے کا معاملہ ٹرٹل بیچ ہاکس بے پر واقع تفریحی ہٹس کو نوٹس جاری

میرین ٹرٹل ساحلوں پر غیرقانونی تعمیرات کی مسلسل اطلاعات موصول ہورہی ہیں، انچارج میرین ٹرٹل یونٹ اشفاق میمن

(فوٹو: فائل)

محکمہ جنگلی حیات سندھ نے ٹرٹل بیچ ہاکس بے پر واقع تفریحی ہٹس کو حدود سے تجاوز کرنے کے معاملے پر نوٹس جاری کردیا۔

انچارج میرین ٹرٹل یونٹ،محکمہ وائلڈ لائف سندھ اشفاق میمن کے مطابق میرین ٹرٹل ساحلوں پر غیرقانونی تعمیرات کی مسلسل اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔یہ ساحل سندھ وائلڈ لائف کے زیر حفاظت علاقے ہیں جہاں کسی بھی قسم کی تعمیراتی سرگرمیاں قطعی ممنوع ہیں۔ تعمیرات معدومیت سے دوچار سمندری کچھووں اور ان افزائش نسل کے گھونسلوں کے لیے سنگین نوعیت کا خطرہ ہے،اگر اس قسم کی تعمیرات کے لیے کوئی اجازت نامہ/قانونی دستاویزات موجود ہیں وہ فوری طور پر میرین ٹرٹل یونٹ کو جمع کروائےجائیں بصورت دیگر قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر جنگلی حیات تحفظ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


ٹرٹل بیچ (ہاکس بے) پر سبز کچھووں کے انڈوں سے نکلنے والے بچوں کو آوارہ جانوروں سے محفوظ رکھنے کے لیے قائم آہنی گھونسلے


واضح رہے کہ ہاکس بے کے ساحلوں پر انڈے دینے کے لیے مادہ گرین ٹرٹلز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔جہاں سبزکچھوے کی مادہ کے انڈوں کو محفوظ کرنے کے لیے سمندری ریت میں گہرے گڑھوں کو آہنی گرل کےذریعےمحفوظ بناکر گھونسلے بھی بنادیے گئے ہیں۔ مادہ کچھووں کی افزائش نسل کے لیے آمد کاسلسلہ رواں ماہ سے نئے سال کے مارچ تک تواتر سے جاری رہے گا۔
Load Next Story