اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن طالبان سے بات چیت جاری رہنا چاہیے منیر اکرم

پاکستان کسی صورت افغان طالبان کو تنہا کرنے کا حامی نہیں، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب

پاکستان کے افغان عوام کے ساتھ لامحدود تعلقات ہیں، منیراکرم:فوٹو:فائل

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان طالبان سے روابط رکھنے کی پالیسی پر قائم رہے گا۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی غلطیوں کی سزا افغان عوام کو نہیں ملنا چاہیے۔ پاکستان کے افغان عوام کے ساتھ لامحدود تعلقات ہیں۔ ہم اپنا جغرافیہ تبدیل نہیں کرسکتے۔ اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن طالبان سے بات چیت جاری رہنا چاہیے۔ پاکستان کسی صورت افغان طالبان کو تنہا کرنے کا حامی نہیں ہوگا۔


منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ افغانستان سے روابط رہنے چاہئیں۔ سفارت کاری کا مقصد ہی یہ ہے کہ روابط اور اپنی پالیسی کے ذریعے حالات کو تبدیل کیا جا سکے۔ طالبان کی غلطیاں اپنی جگہ لیکن افغانستان کے اندورنی اور بیرونی مسائل مشترکہ حکمت عملی اور متفقہ اقدامات سے ہی حل ہوسکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح معاشی و سماجی ترقی ہے۔ دوسری ترجیج کشمیر اور فلسطین کے عالمی مسائل اور افغانستان کی صورتحال ہے۔
Load Next Story