فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم مختلف جماعتوں کے تحت یوم احتجاج منایا گیا

جماعت اسلامی، سنی تحریک اور جماعت اہلسنت کے تحت مظاہرے، وزیراعظم سے او آئی سی کا اجلاس طلب کرکے اسرائیلی جارحیت۔۔۔

فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت نکالی جانیوالی ریلی کے شرکا ایم اے جناح روڈ سے گزر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر میں مختلف جماعتوں کے تحت فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف یوم احتجاج منایا گیا، جماعت اسلامی، سنی تحریک اور جماعت اہلسنت کے تحت ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

جماعت اسلامی کے تحت فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف اتوار کو پرانی نمائش سے سی بریز پلازہ تک یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت بند کرانے کیلیے سلامتی کونسل اور او آئی سی کا اجلاس طلب کریں، غزہ کے مسلمانوں کا خون رنگ لائے گا اور دنیا میں ظلم و بر بریت اور صہیونیت کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔

ریلی سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیر مظفر ہاشمی اور ضلعی امرا اسحاق خان،منعم ظفر،یونس بارائی ،عبدا لواحد شیخ اور اسامہ رضی ،ڈپٹی سیکریٹری صابر احمدنے بھی خطاب کیا جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبد الوہاب، نائب امیر مسلم پرویز،ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے،رہنماؤں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان بیدار ہو کر امریکا اور اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جبکہ عرب ممالک کے حکمران خواب غفلت میں سو رہے ہیں، پاکستان کے عوام اعلان کرتے ہیں کہ ہم حماس اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں جو عزم و حوصلہ کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔




حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کے جذبہ جہاد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اس ریلی میں شرکت کرتے ہوئے ہماری یہ چھوٹی سی قربانی اس قربانی کے برابر نہیں ہو سکتی جو قبلہ اول کی حفاظت کرنے والے دے رہے ہیں، پاکستان سنی تحریک کے تحت فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، مرکزی رابطہ کمیٹی کے مبین قادری، فہیم الدین شیخ اور طیب قادری نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور ایٹمی طاقت ہے اسرائیل کی غزہ پر بربریت کے خلاف پاکستان کو سخت احتجاج کرنا چاہیے۔

پاکستان کی حکومت مسلم ممالک کے سربراہان پر مشتمل امن کانفرنس کا اجلاس بلائے، امریکا کی ایما پر اسرائیل فلسطین کے نہتے عوام پر حملہ کرکے بین الاقومی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلی دہشت گردی کررہا ہے، اقوام متحدہ کو مسلمانوں پر یہود ونصاریٰ کے مظالم کیوں نظر نہیں آرہے، اقوام متحدہ امریکا کی کٹھ پتلی بن کررہ گیا ہے، اسرائیل اور امریکا بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، بان کی مون خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اسرائیل غزہ پر بمباری فوری طور پر بند کرے ورنہ مسلمانوں کاا تحاد اسرائیل کو صفحہ ہستی سے نیست ونابود کردے گا، او آئی سی مسلمانوں کی ترجمانی کرے او آئی سی کی مایوس کن کاکردگی سے مسلمانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

جماعت اہلسنت کے رہنما علامہ ابرار احمد رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ملک ہے جو مسلمانوں کے قتل کا ملزم ہے، اقوام متحدہ کی غزہ پر حملے پر خاموشی شکوک و شبہات کو جنم دے رہی ہے ،جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام غزہ( فلسطین) پر اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر مولانا ابرار احمد رحمانی، صوفی محمد حسین لاکھانی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب میں قائدین اہلسنّت نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ نہتے فلسطینی بچوں، خواتین پر بمباری کھلی دہشت گردی اور بربریت کی مثال ہے۔
Load Next Story