بیرون ملک دوست کی رقم ہڑپنے کیلیے ڈکیتی ڈرامے کا ڈراپ سین کالر ہی ماسٹر مائنڈ نکلا
بیرون ملک دوست کی رقم ہڑپ کرنے کے لیے ڈکیتی کا ڈراما رچانے والا خود ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔
پولیس نے بیرون ملک سے آنے والی دوست کی رقم وصول کرکے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچانے والے کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے دوست ساجد نے جرمنی سے ملزم کو 15 لاکھ روپے بھیجے تھے کہ میری فیملی کو دے دیں۔
ملزم فرحان نے 15 لاکھ روپے کی رقم خورد برد کرنے کے لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچایا اور اوورسیز پاکستانی ساجد کے پیسے ہڑپنے کے لیے منصوبے کے تحت 15 لاکھ روپے کی روڈ رابری کی 15 پر کال کرکے اطلاع دی۔
ملزم تفتیش کے دوران زیادہ دیر تک پولیس کو چکمہ نہیں دے سکا اور پولیس کے سامنے دوران تفتیش ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے ملزم آغا فرحان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ملزم کو رقم سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔