وائس چانسلرز کی تقرری میں گورنر کا براہ راست کوئی عمل دخل نہیں وزیراطلاعات پنجاب

جامعات کے وائس چانسلر کی تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جاری ہے، گورنر پنجاب کا رویہ سمجھ سے بالا تر ہے، عظمیٰ بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گورنر کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے—فوٹو: فائل

پنجاب کی وزیراطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جاری ہے اور اس عمل میں گورنر کا براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے صوبے کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے حوالے سے گورنر پنجاب سلیم حیدر اور حکومت پنجاب کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے پیش نظر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل میرٹ کے مطابق جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سات بڑی جامعات کے وائس چانسلرز کا تقرر پہلے مرحلے میں مکمل ہوگیا ہے، دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری بھی مرحلہ وار مکمل کر لی جائے گی۔


ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سرچ کمیٹی بنائی گئی تھی اور اس کمیٹی نے وائس چانسلرز کے امیدواروں کو شاٹ لسٹ کیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ گورنر پنجاب کا وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل سے براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہے، وہ حکومت کی بھیجی ہوئی سمری پر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا رویہ سمجھ سے بالا تر ہے، جلد ہی باقی وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل بھی میرٹ پر مکمل کر لیا جائے گا۔
Load Next Story