ارجنٹائن مداحوں کو ٹیم کی شکست برداشت نہ ہوئی ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے
جرمنی سے شکست کے بعد ارجنٹائن میں مداح آپے سے باہر ہوگئے اور ٹیم کی شکست سے دلبرداشتہ ہوکر سڑکوں پر توڑ پھوڑ شروع کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں جرمنی سے شکست کے بعد ارجنٹائن مداح جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور مشتعل ہو گئے، مظاہرین نے دارالحکومت بیونس آئرس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ شروع کردی جبکہ پولیس سے جھڑپوں کے نتیجے میں 15 اہلکار شدید زخمی جبکہ 50سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔
دارالحکومت کے وسط میں قائم تاریخی یادگار کے اطراف ہزاروں مظاہرین اکھٹے ہوئے جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن استعمال کیا گیا تاہم مشتعل مظاہرین نے پولیس پر دھاوا بول دیا، کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے بعد پولیس نے 50 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے فائنل میں جرمنی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دیکر دنیائے فٹبال کا نیا حکمران بن گیا جبکہ 24 سال قبل 1990 میں بھی جرمنی نے ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دی تھی۔