ایف بی آر پہلی سہ ماہی کے ہدف کے حصول کیلئے پرامید

اب تک 5 لاکھ تاجر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور تاجردوست اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے لیے مذاکرات جاری ہیں، ایف بی آر

ایف بی آر حکام نے کہا کہ شرٹ فال کی صورت میں منی بجٹ نہیں آئے گا—فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے ہدف حصول کے لیے پرامید ہے اور انکم ٹیکس ریٹرنز کے ساتھ 50 ارب روپے ٹیکس کی وصولی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ایف بی آر کے حکام نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا ٹیکس ہدف 2652 ارب روپے حاصل کر لیا جائے گا اور شارٹ فال کی صورت میں منی بجٹ نہیں آئے گا۔


انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرنز کے ساتھ 50 ارب روپے ٹیکس جمع ہونے کا امکان ہے، بینکوں سمیت کارپوریٹ سیکٹر سے ایڈوانس قسط کی وصولی متوقع ہے۔

ایف بی آر کے حکام نے بتایا کہ گیس کمپنیوں سے بھی ٹیکس واجبات وصول کیے جائیں گے اور 20 لاکھ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا ہدف ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ تاجر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور تاجردوست اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
Load Next Story