پاکستان رمضان میں فٹ پاتھ پر زندگی گزارنے والے ننھے محنت کشوں کی شرکت

اسٹریٹ چلڈرن کی عامرلیاقت سے گفتگو ،سحر فاؤنڈیشن کے چیئرمین افتخار غزالی نے میزبان کو’’نشان سحر‘‘پیش کیا

عامرلیاقت حسین عام رجحان کے برعکس ایسے مہمانوں کومدعوکررہے ہیں جومعاشرے کااہم حصہ ہونے کے باوجودعدم توجہی کا شکارہیں۔

GILGIT:
ایکسپریس کی براہ راست خصوصی نشریات ''پاکستان رمضان''کی انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے ڈاکٹر عامرلیاقت حسین عام رجحان کے برعکس ایسے مہمانوں کومدعوکررہے ہیں جومعاشرے کااہم حصہ ہونے کے باوجودعدم توجہی کا شکارہیں۔

اس حوالے سے رمضان المبارک کے پندرھویں روزدن بھر پسینہ بہاکرکچھ رقم کمانے اور فٹ پاتھ پر زندگی بسر کر نے والے محنت کش بچوں نے شرکت کی اوررزق حلال کے حصول کیلیے خود پر بیتنے والی تکالیف سے میزبان اور ناظرین کوآگاہ کیا۔کم سن محنت کشوں میں کچر ا چننے ، ورکشاپ میں کام کرنے اور چند روپوںکیلیے شہر کی مصروف شاہراہوں پرگاڑیاں دھونے والے بچے شامل تھے ۔رزق حلال کمانے والے محنتی اور خودداربچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سب کے پسندیدہ میزبان کا کہنا تھا کہ اللہ کی نعمتوں پرشکرکاطریقہ ہمیں ان افرادسے سیکھناچاہیے جواِس عمر میں جواِن کے کھیلنے کودنے اور پڑھنے لکھنے کے دن ہیں دووقت کاپیٹ بھرنے کے لیے دن بھر سڑکوں کی خاک چھانتے ہیں۔


اس موقع پرڈاکٹر عامرلیاقت حسین ان میں گھل مل گئے اوران سے ان کے رہن سہن اورروزمرہ معمولات پر گفتگو کی اور اُن میں تحائف بھی تقسیم کیے۔اس موقع پرانھوں نے انسانی ہمدردی کے تحت متاثرہ بچوںکی مدد کرنے والے فلاحی ادارے ''سحرفاؤنڈیشن ''کے چیئرمین محمد افتخار غزالی اوران کی ٹیم کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیاجن کی کوششوں سے گلی کوچوں میں پھرکر روزی کمانے والے سیکڑوں بچوں کی زندگی میں بہتری آئی ہے اور اِن بچوں کی بنیادی تعلیمی ضروریات بھی پوری ہوئی ہیں۔

میزبان سے گفتگو کے دوران افتخار غزالی نے بتایا کہ یہ بچے دن بھرکی محنت مشقت سے تھک کر چُور ہوجاتے ہیں تو اِن کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے اوران میں تعلیم عام کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں 60ہزار سے زائد اسٹریٹ چلڈرن ہیں ،فٹ پاتھ ہی جن کا گھر اور اوڑھنا بچھونا ہے۔اس موقع پر حاضرین نے زوردار تالیاں بجاکر محنت کش بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔''سحرفاؤنڈیشن ''کے چیئرمین افتخار غزالی نے اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے فاؤنڈیشن کی جانب سے ''نشان سحر'' کا اعزاز بھی پیش کیا جسے میزبان نے خوشدلی سے قبول کیا۔

پاکستان گھر میں میزبان کے دلچسپ سوالات پر حاضرین کے اوٹ پٹانگ جوابات کے ساتھ زبان لڑکھڑانے کا مقابلہ ''ٹنگ ٹویسٹر '' بھی ناظرین میں کافی مقبولیت اختیار کرتا جارہا ہے ،اس حوالے سے گزشتہ روز میزبان کی جانب سے دیے گئے الفاظ کوئی بھی درست طرح ادا نہیں کرسکا اور ہر ایک کی زبان لڑکھڑائی تاہم دوسروں کی بہ نسبت بہتر ادائیگی پر دو مہمانوں نے موٹر سائیکل،لیپ ٹاپ اور ٹبلیٹ سمیت کئی قیمتی انعامات جیت لیے جبکہ دودھ پینے کا مقابلہ بھی دلچسپ ثابت ہوا اور جیتنے والوں نے بائیک اور واشنگ مشین کا انعام جیت لیا۔
Load Next Story