پاکستان نے اہلِ غزہ کیلیے الخدمت کے تعاون سے امداد کی دسویں کھیپ روانہ کردی

40 ٹن ادویہ سمیت امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اردن روانہ کیا گیا، جہاں سے غزہ بھیجا جائے گا

(فوٹو: فائل)

اہلِ غزہ کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے امداد کی دسویں کھیپ روانہ کردی گئی۔


پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں خصوصاً اہلِ غزہ کے لیے امداد کی فراہمی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے امدادی سامان کی دسویں کھیپ روانہ کر دی ہے۔



امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر منعقد ہوئی۔جہاں سے امدادی سامان بذریعہ چارٹرڈ طیارہ A300 عمان، اُردن کے لیے روانہ کیا گیا جو کہ وہاں سےغزہ کے لیے بھیجا جائے گا۔ روانہ کیے گئے امدادی سامان میں غزہ کے لوگوں کے لیے ضرورت کے مطابق 40ٹن ادویات شامل ہیں۔


پاکستان کی جانب سے عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ جہاں بھی فلاحی اقدامات کی ضرورت ہو گی وہاں ہم مدد اور تعاون فراہم کریں گے۔ سامان روانگی کی تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر درشن نے این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان کے ساتھ شرکت کی ۔


شرکا کی جانب سے مشکل کی گھڑی میں امداد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ این ڈی ایم کی جانب سے اب تک کل 1151ٹن امدادی سامان غزہ کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔

Load Next Story