عمران خان کا ملٹری ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا عدالت نے امتناع دیدیا عظمیٰ بخاری

گورنر راج کی قائل نہیں تاہم خیبرپختوانخوا دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، وزیراطلاعات پنجاب

ایک صوبے کا وزیراعلی فیڈریشن کو نقصان پہنچا رہا ہے،عظمی بخاری:فوٹو:فائل

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا عدالت نے حکم امتناع دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جس عدالت کا جو دائرہ اختیار نہیں وہ بھی ایسے کام کررہی ہے۔ کبھی کیس لاہور سے اسلام آباد چلا جاتا ہے کبھی اچانک پشاور کی عدالت میں کیس چلے جاتے ہیں۔


عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا ملٹری ٹرائل ابھی شروع نہیں ہوا اور عدالت نے حکم امتناع بھی جاری کردیا۔ پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے۔ فتنہ پارٹی کے احتجاج سے 25 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ میں گورنر راج کی حامی نہیں ہوں تاہم خیبرپختوانخوا دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ایک صوبے کا وزیراعلی فیڈریشن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ نیرو جیل میں بیٹھا چین کی بانسری بجا رہا ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو کسی بڑے حادثے سے دوچار کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ جن بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں ان کو پیٹرول بم پکڑا رہے ہیں۔ اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کی بھی عزت اچھال دی جائے۔ حکومت پاکستان کا سوشل میڈیا کا کوئی معاہدہ نہیں۔ سوشل میڈیا کو شتر بے مہار کی طرح نہیں چھوڑا جا سکتا۔ فتنہ پارٹی اور اس کے سوشل میڈیا سے آج کوئی بھی محفوظ نہیں چاہے وہ عام شہری ہو، وکیل ہو یا جج ہو۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے خلاف فلک جاوید متعدد بار گھٹیا مہم چلا چکی ہے۔

 
Load Next Story