کراچی سٹی کونسل میں حسن نصراللہ اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد منظور

بلدیاتی ایوان نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پر بھی مذمتی قرارداد منظور کرلی

فوٹو: فائل

کراچی سٹی کونسل میں حسن نصر اللہ اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر قرارداد منظور کرلی گئی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس پیر کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس کے دوران مجموعی طور پر گیارہ قراردادوں کی منظوری دی گئی۔

چھ قراردادیں اتفاق رائے سے اور پانچ قراردادیں کثرت رائے سے منظور کی گئیں جبکہ اجلاس میں پیش کی گئیں پانچ دیگر قراردادوں پر بحث اور رائے شماری کو آئندہ اجلاس تک کے لئے موخر کردیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور کی گئی تین ایک جیسی قراردادوں کے ذریعے لبنان میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور ان کی بیٹی کی شہادت، فلسطین کے سابق صدر اسماعیل ہنیہ کی ایران میں اسرائیلی حملے میں شہادت اور ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی فضائی حادثے میں شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔


قرارداد میں اسرائیل کی طرف سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں مسلمانوں کی نسل کشی کو فوری روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

ان قراردادوں پر پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی ریاست عالمی امن کے لئے شدید خطرہ بن چکی ہے، اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لئے تمام اسلامی ممالک ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی ایک اور قرارداد میں سٹی کونسل نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 14 جوانوں سمیت 54 افراد کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اجلاس کے دوران چھ قراردادوں کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی جن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سروسز گاڑیوں اور ایندھن پر چلنے والے آلات کے لئے پی ایس او فلیٹ / کارپوریٹ کارڈ کے اجراء کی منظوری اور ڈپٹی میئر سیکریٹریٹ،فنانشل ایڈوائزر، ہیومن ریسورسز مینجمنٹ اور ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کے دفاتر کے لئے ایمپریسٹ اکاؤنٹ کی موجودہ رقم کو بڑھانے کی منظوری شامل تھی۔
Load Next Story