پاکستان اور آذربائیجان کا قانونی تعلیم و تربیت کیلئے ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق

قانونی معاونت میں مضبوط تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان پر عزم ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون سے آذربائیجان کے سفیر نے ملاقات کی—فوٹو: فائل

وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور آذربائیجان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان قانونی معاونت کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی تعلیم و تربیت کے لیے ایک جامعہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔

وزارت قانون سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں دستخط شدہ تعاون کی یادداشت پر مبارک باد کا تبادلہ اور اس کے عملی نفاذ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کا اعادہ کیا گیا۔


وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانونی معاونت میں مضبوط تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان پر عزم ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے نئی ترغیبات اور آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے آذربائیجان کے کاروباری افراد کے لیے فزیبلٹی اسٹڈیز اور ریگولیٹری ماحول کو نیویگیٹ کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، قانونی تعلیم، تربیت اور صلاحیت سازی میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی تعلیم و تربیت کے لیے ایک مواصلاتی چینل کھولنے کے لیے ایک جامعہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔
Load Next Story