وزیر اعظم کے احکامات پر ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں توسیع خوش آئند ہے کاٹی

بروقت توسیع سے ہزاروں ٹیکس کنندگان کو گوشوارے جمع کرانے کا موقع مل گیا، نومنتخب صدر جنید نقی

فوٹو- فائل

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے نو منتخب صدر جنید نقی نے وزیر اعظم کے احکامات پر ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بروقت فیصلے سے سسٹم ڈاؤن کے باعث گوشوارے جمع کرانے سے محروم رہنے والے ٹیکس کنندگان کو گوشوارے جمع کرانے کا موقع مل گیا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی وزیر اعظم شہباز شریف کی مشکور ہے کہ جنہوں نے چیمبرز، ایسو سی ایشنز، ٹریڈ باڈیز اور ٹیکس بار سمیت بزنس کمیونٹی کے مطالبہ پر تاریخ میں توسیع کی۔


جنید نقی نے کہا کہ تاحال ایف بی آر کی جانب سے 2 ہزار 539 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے مقابلے 2 ہزار 452 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا اس طرح ایف بی آر کو مقررہ ہدف سے 87 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے تاریخ میں بروقت توسیع سے شارٹ فال پُر کرنے اور مقررہ ہدف کا حصول ممکن ہوگا۔

انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کی کہ ایف بی آر کا سسٹم آئی آر آئی ایس کی سست روی اور سسٹم ڈاؤن ہونے کی شکایات کا ازالہ کیا جائے تاکہ بزنس کمیونٹی بلا تعطل ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ حکومت گوشوارے جمع کرانے کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا کر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کی راہ ہموار کرے گی۔
Load Next Story