گرمی کے مارے عوام کی دعائیں رنگ لےآئیں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ شروع

مون سون بارشوں کا نیا سسٹم جمعے تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا باعث بنے گا،محکمہ موسمیات

بارشوں کے باعث ملک کے بالائی علاقوں کے درجہ حرارت میں 5 اور زیریں علاقوں میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ ہوگیا ہے جس نے گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے مارے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر صبح سے ہی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جرواں شہر راولپنڈی میں سحری کے وقت تیز ہوائیں چلیں پھر کھل کر بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ راولپنڈی میں چاکرہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی چند ایک مقامات پر بھی آج کھل کر مینہ برس رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا سسٹم جمعے تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا باعث بنے گا۔ اس کے تحت بالائی علاقوں اور میدانی پنجاب کے علاوہ شمالی اور مشرقی صوبہ سندھ میں بھی بارش کا امکان ہے، کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آئندہ دو روز تک موسم ابر آلود رہے گا تاہم آئندہ دو روز میں ان علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان نہیں۔ بارشوں کے باعث ملک کے بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری، اور زیریں علاقوں میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔
Load Next Story