پی ٹی آئی دھرنا علی امین گنڈا پور کے کے پی ہاؤس میں انتظامیہ سے مذاکرات
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی جو ساتھ قیدی وین بھی لائی گئی، پولیس اور رینجرز کے پی ہاؤس میں داخل ہوئی جس کے بعد علی امین کو گرفتار کرنے کی خبریں سامنے آئیں اور کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد نے انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسی کے ساتھ حکومتی ذرائع نے گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ کئی گھنٹوں کے بعد شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ کی کے پی ہاؤس میں موجودگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ اُن کے چیئرمین پی ٹی آئی کی موجودگی میں انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی، غیر قانونی مقدمات کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔
[video width="600" height="350" mp4="https://www.express.pk/2024/10/whatsapp-video-2024-10-05-at-4.04.27-pm-1728127057.mp4"][/video]
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا موبائل نمبر بند جارہا ہے تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین کو گرفتار نہیں کیا گیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
[video width="600" height="300" mp4="https://www.express.pk/2024/10/whatsapp-video-2024-10-05-at-4.01.33-pm-1728127092.mp4"][/video]
یہ پڑھیں : اسلحہ برآمدگی کیس، علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے کے الزام پر قانونی کارروائی کا امکان ہے، علی امین گنڈا پور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
[video width="600" height="400" mp4="https://www.express.pk/2024/10/whatsapp-video-2024-10-05-at-4.07.38-pm-1728128519.mp4"][/video]
بیرسٹر گوہر کی کے پی ہاؤس آمد
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی خبر پر خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ کے پی کو غیرقانونی طور پر گرفتار کرلیا گیا، عمرایوب
پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے ایکس پر بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو کے پی ہاؤس اسلام آباد سے غیرقانونی طریقے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے خیبرپختونخوا کی حدور کی خلاف ورزی کی اور غیرقانونی گرفتاری کرلی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔
عمر ایوب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور آئین کی رو سے ریاست کا حصہ ہے، رینجرز، پولیس اور مسلح افواج بھی ریاست کا جزو ہیں اور سوال کیا کہ کیا پاکستان میں مارشل لا نافذ کردیا گیا ہے، یہ کارروائی اس فارم 47 حکومت کے خاتمے کی وجہ ہوگی۔
گنڈاپور گرفتار ہوئے تب بھی احتجاج جاری رہے گا، ترجمان پی ٹی آئی
مرکزی ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور عمران خان سے بڑے لیڈر نہیں، اگر انہیں گرفتار کیا بھی جاتا ہے تو احتجاج کو ہرگز ملتوی نہیں کیا جائےگا بلکہ اسے اعظم خان سواتی لیڈ کریں گے، عمران خان پہلے ہی گرفتار ہیں مزید گرفتاریاں کوئی بڑی بات نہیں احتجاج جاری رکھیں گے۔
علی امین گنڈاپور کی عدم موجودگی میں اعظم سواتی احتجاج کی قیادت کریں گے، ذرائع
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی عدم موجودگی میں اعظم سواتی ڈٰ چوک پر مظاہرین کی قیادت کریں گے، اس حوالے سے اُن کا پارٹی قیادت کا رابطہ ہوگیا ہے۔ پلان بی کے تحت اعظم سواتی کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے اور وہ کچھ دیر میں ڈی چوک پہنچ جائیں گے۔
اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، شیلنگ کے اثرات زائل
اسلام آباد میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے بعد پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے آنسو گیس کے اثرات زائل ہوگئے۔
بیرسٹر گوہر خیبرپختونخوا ہاؤس سے روانہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد سے روانہ ہوگئے، وہ ایک اہم معاملے پر یہاں پہنچے اور روانگی کے وقت صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا کو محصور کرنا جعلی حکومت کی شکست فاش ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کے پی ہاؤس کا محاصرہ احتجاج کی کامیابی کا ثبوت ہے، صرف علی امین گنڈاپور سے اتنا خوف ہے سوچیں اگر عمران خان باہر آگیا تو کیا حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک علی امین سے جعلی حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہے، صبح سے خواجہ اصف، عطا تارڑ، شرجیل میمن اور دیگر درباری وزراء کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ حواس باختہ جعلی حکومت اپنا اقتدار بچانے کے لئے فیڈریشن کو بھی سبوتاژ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر کارکن لیڈر ہے اور آئین کا علمبردار ہے، پی ٹی آئی کا ہر کارکن اب اس تحریک کا لیڈر بن چکا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہی کارکنان واپس جائیں گے، بیرسٹر سیف
بیرسٹر سیف نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماراخیال ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں ہی موجود ہیں لیکن تصدیق نہیں ہوپارہی، ہم کوشش کررہے ہیں کہ وزیر اعلی صاحب سے رابطہ ہوجائے تاہم راستوں کی بندش اور رکاوٹوں کی وجہ سے وہاں پہنچنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی تصدیق کے حوالے سے تھوڑاوقت دیں تاکہ وزیراعلی کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں، عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور ان کی کال پر باہر نکلے ان کے کہنے پرہی واپس جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی وزیراعلیٰ کی کے پی ہاؤس میں موجودگی کی تصدیق، حراست کی تردید
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا ہاؤس ہی میں ہی ہیں، بیرسٹرگوہر کی موجودگی میں وزیر اعلی نے انتظامیہ کومطالبات پیش کردیے ہیں، ہماراسب سے بڑامطالبہ بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین اورقانون کے نام پرہم سے جوزیادتیاں ہورہی ہیں ان کے خاتمے کامطالبہ اور نام نہاد مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مطالبات پر انتظامیہ بھی غورکرے گی اورپی ٹی آئی کی کورکمیٹی بھی انتظامیہ کی باتوں پرغورکررہی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ عوام ڈی چوک سے جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
پی ٹی آئی کا احتجاج پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے احتجاج پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کےلیے وقت کا چناؤ بدقسمتی اور قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی کا یہ اقدام پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب پاکستان میں ایس سی او سربراہی اجلاس ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کےلیے اس وقت کے چناؤ کا مقصد ملک ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے، اس کا مقصد ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے، ایک ملک کے وزیر خارجہ کو احتجاج میں شرکت کی دعوت سیاسی مفادات کےلیے ملکی ساکھ نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب دنیا سدیکھ رہی ہو تو ہمیں اتحاد اور ذمہ داری کا مطاہرہ کرنا چاہیے، یہ وقت پاکستان کےلیے عزم، استحکام اور قیادت کرنے کا وقت ہے، ہمیں چھوٹے چھوٹے سیاسی مفادات سے بالا تر ہونا ہوگا۔
پولیس فائرنگ نجی صحافی زخمی
ڈی چوک پر پولیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کرنے کے نتیجے میں نجی ٹی وی چینل کا صحافی گشکوری زخمی ہوئے۔
جناح ایونیو پر مظاہرین کی گرفتاریاں
جناح ایونیو پر شدید بارش کے بعد پی ٹی آئی کارکنان پہنچے تو پولیس پیچھے ہٹی اور پھر گھیراؤ کر کے درجن بھر مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کی کے پی ہاؤس کو حصار میں لینے کی تردید
ذرائع نے رینجرز کی طرف سے کے پی کے ہاؤس کے حصار کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 245 کے تحت سیکورٹی فورسز اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں 4/5 اکتوبر کی رات سے سیکیورٹی ڈیوٹیز پر تعینات ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل مستعدی کے ساتھ متعلقہ علاقوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، چند عناصر اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے سیکورٹی فورسز سے متعلق جھوٹی افوائیں اور من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں۔