ملتان ٹیسٹ کون پڑے گا کس پر بھاری ٹیموں کی تیاری جاری

انجری مسائل کے شکار اسٹوکس میچ سے باہر، اولی پوپ کپتانی کریں گے، فاسٹ بولر برائیڈن کارس ڈیبیو کرینگے

فوٹو : اے پی

 

ملتان ٹیسٹ میں کون پڑے گا کس پر بھاری؟ ٹیموں کی تیاری جاری ہے، انگلش ٹیم کوبڑا دھچکا لگ گیا، انجری مسائل کے شکار کپتان بین اسٹوکس پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے، اولی پوپ قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیموں کی تیاریوں میں تیزی آگئی، کھلاڑی جہاں میچ کے لیے پْرجوش ہیں وہیں انگلش ٹیم کو ایک بڑا دھچکا بھی لگا، 11 رکنی ٹیم میں کپتان بین اسٹوکس ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے شامل نہیں ہو سکے، اولی پوپ قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اسٹوکس دی ہنڈرڈ کے دوران انجرڈ ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکے، فاسٹ بولر برائیڈن کارس ڈیبیو کریں گے ، جیک لیچ کی جنوری میں دورہ بھارت کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔

انگلینڈ کی 11 رکنی ٹیم میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ (کپتان)، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔


پاکستانی 15 رکنی اسکواڈ شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ 11 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ادھر سیریز سے پہلے لفظی جنگ شرو ع ہو چکی ہے، انگلش بیٹر جو روٹ نے ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز کی اچھی یادیں ہیں، گوکہ ٹیم میں کچھ کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں لیکن سب میزبان سائیڈ کے خلاف میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے لیے پْرجوش ہیں، ان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، سینیئر اور جونیئر پلیئرز پر مشتمل ہماری ٹیم توقعات پر پورا اترے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو کسی بھی صورت آسان حریف نہیں سمجھتے، ہمیشہ کی طرح اس میں اب بھی میچ ونرز موجود ہیں، سیریز کے دوران اسے ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہو سکتا ہے، ہم سب کا یہی پلان ہے کہ اپنے کھیل پر فوکس کر کے اچھا کھیلنا ہے۔ ہمیں نہ صرف زیادہ سے زیادہ رنز بنانے ہیں بلکہ 20 وکٹیں بھی حاصل کرنی ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا کہ انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے، ایسے میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔

پریس کانفرنس میں انھوں نے مزید کہا کہ ہم انگلینڈ کے حوالے سے زیادہ نہیں سوچ رہے، ہمیں اپنے پلان اور صورتحال کے مطابق کھیلنا ہے، پلیئرز بہت محنت کر رہے ہیں، ہمیں سیریز جیتنی ہے، اس کیلیے ہر شعبے میں پرفارم کرنا ہوگا۔ ٹیم کا مورال بلند اور کوئی گروپنگ نہیں ہے، سب کا فوکس اچھا کھیلنا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ابھی ٹیسٹ میچ میں ایک دن باقی ہے، مجھے یقین نہیں کہ پچ پر گراس ہوگی یا نہیں، اس لیے پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ سعود شکیل نے کہا کہ شاہین آفریدی اچھی بولنگ کر رہے ہیں، ہمیں جب ضرورت ہوتی ہے تو تیز بیٹنگ کرتے ہیں۔
Load Next Story